یہ الله کا فضل ہے جسے چاہتا ہے عطا فرماتا ہے

درس حدیث:
حضرت ابو ھریرہ رضى الله عنه سے روایت ہے کہ کچھ تنگدست مہاجر صحابہ رضى الله عنهم رسو ل الله ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئے اور گزارش کی:
بلند درجے اور دائمی نعمتیں تو زیادہ مال والے لوگ لے گئے !
آپ نے پوچھا:
وہ کیسے؟
تو انھوں نے عرض کیا:
نمازیں وہ بھی اسی طرح پڑھتے ہیں جس طرح ہم پڑھتے ہیں ،اور روزے وہ بھی اسی طرح  رکھتے ہیں جیسے ہم رکھتے ہیں مگر وہ اپنے مالوں سے صدقہ کر لیتے ہیں جبکہ ہم تو صدقہ نہیں کر سکتے ،
اور اسی طرح وہ غلاموں کو
آزاد کراتے ہیں جبکہ ہم غلام آزاد نہیں کرا سکتے تو رسو ل الله ﷺ نے ارشاد فرمایا:
کیا میں تمھیں ایسی چیز نہ سکھاؤں جس سے تم بھی ان لوگوں کو پالو گے جو تم سے سبقت لے گئے ہیں اور تم اس کے ذریعے سے ان سے بھی سبقت لے جاؤ گے جو تم سے بعد آنے والے ہیں؟
اور تم سے صرف وہی افضل ہو گا جو تمھاری طرح عمل کرے گا ۔ انھوں نے کہا:
کیوں نہیں یارسول الله ! ضرور بتائیے !
تو آپ صلی الله عليه وسلم نے فرمایا:
تم ہر نماز کے بعد تینتیس مرتبہ تسبیح، تکبیر اور تحمید
(سبحان الله، الحمد لله اور الله اکبر)

کا ذکر کیا کرو راوی ابو صالح کہتے ہیں کہ کچھ عرصہ بعد تنگ دست مہاجرین صحابہ دوبارہ رسو ل الله ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئے اور کہنے لگے:
ہمارے مالدار بھائیوں نے بھی وہ سن لیا جو ہم کرتے ہیں اور اسی طرح انھوں نے بھی عمل کرنا شروع کر دیا ہے تو رسول الله ﷺ نے فرمایا:
یہ الله کا فضل ہے جسے چاہتا ہے عطاء فرما دیتا ہے۔
(مسلم حدیث 1347)

Comments